تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے اپنی پارٹی کے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ تھک جائے گی، لیکن وہ کچھ ثابت نہیں کر سکے گی۔
فیصل آباد میں اے ٹی سی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 9 مئی کے 4 مقدمات میں عدالت میں پیش ہوئیں اور ان کے خلاف مختلف شہروں میں بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔زرتاج گل نے واضح طور پر کہا کہ ان کا جرم پی ٹی آئی کے بانی، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، اور انہوں نے کہا کہ ہر جبر اور ظلم کے باوجود وہ اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، جنہیں جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے گناہ افراد کو جیلوں میں ڈالا گیا اور اسی وجہ سے وہ 24 نومبر کو اسلام آباد گئے تھے۔ ان کا ایک ہی سوال تھا کہ ہمارے لوگوں پر گولی کیوں چلائی گئی؟زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے اور یہ کوئی کمزوری نہیں ہے۔ مذاکرات میں انتخابات سمیت تمام معاملات پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سول نافرمانی کی کال دیں گے تو قوم اسے مانے گی اور لوگ نکلیں گے۔