فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اور سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
یہ مقدمہ پولیس وین کو جلانے، توڑ پھوڑ کرنے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران زرتاج گل عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، تاہم ان کے وکیل نے عدالت میں ان کی حاضری مکمل کرائی۔عدالت نے زرتاج گل اور خیال احمد کاسترو پر ان الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی۔ مقدمے میں الزام ہے کہ دونوں رہنماؤں نے 9 مئی کو فیصل آباد میں تھانہ سول لائن کے علاقے میں پولیس وین کو جلایا اور توڑ پھوڑ کی۔ پولیس کے مطابق، ان افراد نے فسادات میں ملوث ہو کر پولیس کی گاڑیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔ اس کیس میں زخمیوں اور دیگر متاثرین کی تفصیلات بھی شامل کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملک بھر میں بڑی تعداد میں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں پر مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔