نیم ہنر مند اور ہنر مند افرادکو قانون کے دائرہ کار سے نکالنے کی سفارش ،ویج بورڈ کاگزٹ نوٹیفکیشن جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے کم ازکم اجرت40ہزار مقرر کر دی مگر نیم ہنر مند اور ہنر مند مزدوروں کو اس قانون کے دائرہ کار سے نکالنے کی سفارش کردی جس سیلاکھوں ورکرز متاثر ہونگے۔ ویج بورڈ نیگزٹ نوٹیفکیشن جاری کرکے سٹیک ہولڈرز سے سفارشات طلب کر لیں۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ نیم ہنر مند اور ہنر مند ورکرز پر 40ہزارتنخواہ کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ ورکرز تنظیموں نے بورڈ کی سفارشات کو مسترد کردیا ۔دوسری طرف یہ سفارشات لاکھوں ہنر مند ورکرز کیلئے مایوسی کا باعث بن گئیں جو مہارت رکھنے کے باوجود بنیادی تحفظ سے محروم رہیں گے۔اس صورتحال پر صنعتی مزدور اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں فیصلے کو مسترد کردیا گیا۔ صنعتی مزدور اتحاد رہنمائوں محسن الیاس ،آئمہ محمود، بلال سیال ودیگر نے حکومتی اقدام کو مزدور دشمن قرار دیتے ہوئے احتجاج کا عندیہ دیدیا اور کہا حکومت نے صرف غیر ہنر مند مزدوروں کو قانون کے دائرے میں رکھا، تربیت یافتہ مزدوروں کو نظر انداز کر دیا جبکہ ابتک 30 مزدور رہنمائوں نے اپنے تحفظات ویج بورڈ کو جمع کرائے ہیں اور ان سفارشات کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس 25 جولائی کو ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ہنر مند افراد کو قانون سے باہر رکھنا آئندہ مزدور مارکیٹ میں بے چینی اور استحصال کو جنم دے گا۔