ٹیسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی: پاکستان ڈویژن 2 میں شامل کیے جانے کا امکان

ٹیسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی: پاکستان ڈویژن 2 میں شامل کیے جانے کا امکان

برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو درجوں (ڈویژنز) پر مبنی نیا نظام متعارف کرانے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت پاکستان کو ممکنہ طور پر ڈویژن 2 میں شامل کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ڈویژن 1 میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہوں گے، جب کہ پاکستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، افغانستان، زمبابوے اور آئرلینڈ کو ڈویژن 2 کا حصہ بنایا جائے گا۔نیا سسٹم 2027 سے 2029 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل سے نافذ ہوگا۔ اس پر اتفاق گزشتہ دنوں آئی سی سی کے سنگاپور میں ہونے والے پہلے سالانہ جنرل اجلاس میں ہوا، تاہم اس کی باقاعدہ منظوری کے لیے دو تہائی ممبران کی حمایت درکار ہوگی۔تجویز کے تحت ڈویژن 1 میں شامل ٹیمیں تین سال کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کم از کم دو مرتبہ باہمی سیریز کھیلیں گی۔ذرائع کے مطابق ڈویژن 2 ممالک کو اضافی مالی معاونت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار اور انفراسٹرکچر کو برقرار رکھ سکیں۔