برمنگھم ٹیسٹ: صائم ایوب کی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان روشن

برمنگھم ٹیسٹ: صائم ایوب کی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان روشن

برمنگھم: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ صائم ایوب کی واپسی کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سات نئے کھلاڑیوں کو انگلینڈ طلب کیا، جن میں صائم ایوب سب سے زیادہ ٹیسٹ تجربہ رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔چند روز قبل کیریبین پریمیئر لیگ میں جمیکا کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صائم ایوب اب انگلینڈ کی سرد اور ابر آلود کنڈیشنز میں قومی ٹیم کے لیے اہم امیدوار بن گئے ہیں۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی اور کم اسکور کے باعث صائم ایوب کی پلیئنگ الیون میں شمولیت تقریباً یقینی تصور کی جا رہی ہے۔فاسٹ بولنگ کے شعبے میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ عبید شاہ اور رضا اللہ حتمی الیون میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ عبید شاہ پہلے ہی پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، جبکہ رضا اللہ کا غیر روایتی بولنگ ایکشن اور تیز رفتار گیندیں انگلش بیٹرز کے لیے ایک نیا چیلنج ثابت ہوسکتی ہیں۔

بابر اعظم کی بیٹنگ پوزیشن بھی زیرِ غور
بیٹنگ لائن میں بھی ردوبدل متوقع ہے۔ بابر اعظم کو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجے جانے کا امکان ہے، جبکہ شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور دیگر بیٹرز مختلف پوزیشنز کے لیے امیدوار ہیں۔پاکستان ٹیم کی جانب سے مسلسل کم اسکور کرنے کے باعث مینجمنٹ بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانے کے لیے صائم ایوب کو موقع دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بائیں ہاتھ کے بیٹر کی موجودگی پاکستانی بیٹنگ کو اضافی توازن بھی فراہم کرسکتی ہے۔

نئے کوچنگ سیٹ اپ میں اہم نام شامل
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے نئے کوچنگ سیٹ اپ میں مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے بھی شامل ہیں۔ نئے کوچنگ اسٹاف کی موجودگی میں ٹیم کمبی نیشن، بیٹنگ آرڈر اور بولنگ اٹیک میں تبدیلیوں کے ذریعے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں واپسی کی کوشش کرے گی۔ایجبسٹن ٹیسٹ سے قبل حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کنڈیشنز، کھلاڑیوں کی فارم اور پچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گی، تاہم صائم ایوب سمیت نئے کھلاڑیوں کی ممکنہ شمولیت نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو خاصا دلچسپ بنا دیا ہے۔