پاکستان کا سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اہم قدم، اقوام متحدہ کے معاہدے پر دستخط

پاکستان کا سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اہم قدم، اقوام متحدہ کے معاہدے پر دستخط

ویب ڈیسک: پاکستان نے اقوام متحدہ کے معاہدہ برائے تحفظ سمندری حیاتیاتی تنوع (BBNJ Treaty) پر باضابطہ دستخط کر دیے، یہ اقدام عالمی سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے پاکستان کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان نے نہ صرف معاہدے میں شمولیت اختیار کی بلکہ ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے معاہدے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بحیثیت چیئرمین جی-77 ترقی پذیر ممالک کی اجتماعی آواز بن کر اس معاہدے میں شمولیت اختیار کی۔ معاہدے پر دستخط پاکستان کی اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ سرحدوں سے باہر بھی سمندری حیات کے تحفظ اور عالمی ورثے کی بقا کیلئے کام کرتا رہے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ کثیرالجہتی عالمی فورمز پر تعاون، ماحول دوست پالیسی سازی اور پائیدار ترقی کے ہدف کے حصول کیلئے پاکستان کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔اقوام متحدہ کا یہ معاہدہ ان سمندری علاقوں میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار استعمال کو یقینی بنانے سے متعلق ہے جو قومی حدود سے باہر واقع ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس معاہدے کے نفاذ سے عالمی سطح پر ماحولیاتی استحکام کو فروغ ملے گا۔