یوکرین نے بحیرہ ازوف میں بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کرتے ہوئے متعدد روسی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ روس نے بھی بعض جہازوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی آٹو پائلٹ سسٹمز فورسز (یو ایس ایف) کے کمانڈر رابرٹ برووڈی نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران تقریباً 28 روسی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حتمی تعداد کے تعین کے لیے مزید جاسوسی اور جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب روس کے روسٹوو ریجن کے گورنر یوری سلیوسار نے تصدیق کی کہ ٹگنروگ کے قریب آبنائے میں چار جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ جہازوں میں کم از کم ایک آئل ٹینکر بھی شامل تھا، جبکہ واقعے میں ایک ملاح ہلاک ہو گیا۔یوکرین نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چھ روز کے دوران روس کے مبینہ "شیڈو فلیٹ" سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 76 آئل ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ادھر خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روس نے یوکرین کے بڑے ڈرون حملے کے بعد ازوف-ڈان شپنگ کینال کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق روسی بارڈر سروس نے دریائے ڈان کو بحیرہ ازوف سے ملانے والی نہر کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت کے لیے نئی درخواستیں وصول کرنا بھی روک دیا ہے، جبکہ آبنائے کرچ کے راستے بحری ٹریفک بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔