وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام: پاکستان میں عقائد کا تنوع اتحاد کی اصل بنیاد ہے

وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام: پاکستان میں عقائد کا تنوع اتحاد کی اصل بنیاد ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ روشنیوں کا تہوار دیوالی، روشنی کی تاریکی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کا سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر ہمیں مثبت سوچ اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں موجود تنوع پر فخر کرتے ہیں، جو ہمارے قومی دھارے اور مشترکہ ثقافت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے پاکستانی اپنے ملک کی ترقی کے لیے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں، جو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے عین مطابق ہے — ایک ایسا پاکستان جہاں سب کو بلا تفریق مذہب، نسل یا ذات کے برابر حقوق اور آزادی حاصل ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس عزم پر قائم ہے کہ پاکستان میں ہر کمیونٹی کو مساوی حقوق اور برابر کے ترقیاتی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے ہندو برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ"ہماری دعا ہے کہ روشنیوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں امن، خوشی اور خوشحالی لائے،اور ملک میں تمام مذاہب کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دے۔"