پاک بھارت جنگ بندی: اقوام متحدہ نے پائیدار امن کی جانب مثبت قدم قرار دیا

پاک بھارت جنگ بندی: اقوام متحدہ نے پائیدار امن کی جانب مثبت قدم قرار دیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

 گوٹریس نے امید ظاہر کی کہ اس جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا اور یہ خطے میں استحکام لائے گا۔دوسری طرف، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور جنگ بندی کے اس اعلان کو مثبت اقدام قرار دیا۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے بھی وزیر خارجہ پاکستان سے ٹیلی فون پر بات کی اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی امید کا اظہار کیا۔ایران کی وزارت خارجہ نے بھی بیان جاری کیا کہ یہ موقع دونوں ممالک کے لیے ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔

جرمنی اور برطانیہ نے بھی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا اور واضح کیا کہ صرف بات چیت ہی خطے میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ عالمی سطح پر اس جنگ بندی کے اعلان کو ایک مثبت قدم اور امن کی طرف ایک اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔یہ بین الاقوامی ردعمل اس بات کا غماز ہے کہ عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کی جانب سنجیدہ اقدامات کی حمایت کر رہی ہے۔