ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کی بڑی وجہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ممکنہ تجارتی جنگ کے خدشات بتائے جا رہے ہیں۔
اس کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔منگل کے روز برینٹ کروڈ کی قیمت میں 52 سینٹ (0.75 فیصد) کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی قیمت 68.69 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے سودے 51 سینٹ (0.76 فیصد) کمی کے ساتھ 66.69 ڈالر فی بیرل پر طے پائے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین دونوں دنیا کے بڑے تیل صارفین ہیں، اور ان کے درمیان ممکنہ تجارتی تنازع سے عالمی اقتصادی سرگرمیوں میں سست روی اور ایندھن کی طلب میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس نے تیل کی قیمتوں پر منفی اثر ڈالا ہے۔خیال رہے کہ پیر کے روز بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی تھی، جو اس رجحان کا تسلسل ظاہر کرتی ہے۔ سرمایہ کار اب ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی فیصلوں اور مذاکرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔