شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے سیاحوں کو پاک فوج نے بروقت ریسکیو کر لیا

شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے سیاحوں کو پاک فوج نے بروقت ریسکیو کر لیا

ویب ڈیسک: اسکردو میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں کو پاک آرمی نے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت نکال لیا۔

متاثرہ سیاحوں نے پاک فوج کے فوری ردعمل اور جذبۂ خدمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ایک خاتون سیاح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کراچی سے سیر و تفریح کے لیے اسکردو آئی تھیں اور دیوسائی کے مقام پر سیلابی صورتحال کے باعث ان کی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ خاتون کے مطابق، ’’الحمدللہ پاک آرمی نے فوری طور پر ہمیں ریسکیو کیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام تک منتقل کیا۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی اور ان کے ساتھ موجود ایک اور خاتون کی طبیعت بگڑ گئی تھی، لیکن پاک فوج کے اہلکاروں نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور ہر ممکن سہولت مہیا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’فوج نے جس پیشہ ورانہ انداز میں ہمیں بچایا وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

خاتون سیاح نے پاک آرمی کی جانب سے فراہم کردہ کھانے، طبی امداد اور حفاظت کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں مکمل بھروسہ ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہماری فوج ہمیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔‘‘پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کے دوران تمام متاثرہ سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مقامی حکام اور عوام نے بھی پاک فوج کے جذبۂ خدمت اور بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہا ہے۔