ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ علیزے شاہ ان دنوں ٹی وی اسکرین سے غائب ہیں، جس پر ان کے مداح مسلسل سوالات اٹھا رہے تھے۔
حال ہی میں علیزے شاہ نے خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ کن وجوہات کی بنا پر ڈرامہ انڈسٹری سے دور ہو چکی ہیں۔فلم "سپر اسٹار" سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی اور "عہدِ وفا" جیسے کامیاب ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر کے شہرت پانے والی علیزے نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں خواتین فنکاراؤں کو درپیش مسائل نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں بعض شادی شدہ مرد فنکار خواتین اداکاراؤں اور ماڈلز کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کرتے ہیں، جو نہ صرف تکلیف دہ بلکہ حوصلہ شکن بھی ہے۔ علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی غلط طریقے سے کام حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، لیکن اس کے باوجود انہیں تنقید اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔علیزے شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ ان دنوں اس لیے ڈرامہ پروجیکٹس سے دور ہیں کیونکہ انہیں بروقت ادائیگی نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا:"محنت سے کام کرنے کے بعد بھی کئی مہینوں تک معاوضے کے لیے فون اور پیغامات کرنا پڑتے ہیں، جو ایک فنکار کی تذلیل ہے۔"
اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اب صرف انہی پروجیکٹس میں کام کریں گی جہاں عزت و احترام کے ساتھ وقت پر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔علیزے شاہ کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ کئی صارفین نے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انڈسٹری میں شفافیت اور اخلاقی معیار قائم کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ ناقدین نے ان کے بیان پر تنقید بھی کی۔