پرویز الٰہی کیخلاف 18اگست کو چالان پیش کیا جائے:عدالت

منی لانڈرنگ کیس میں وکیل کے  اعتراضات کے باوجود پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی منظور 
لاہور(آئی این پی )سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحریری حکم جاری کر دیا۔سپیشل سینٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے 2 صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا۔تحریری حکم کے مطابق ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الہی کے تفتیشی افسر کو کسی دوسری انکوائری میں معطل کر دیا گیا ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا  چالان کمیٹی کی منظوری کے بعد جمع کرایا جائے گا، تاہم عبوری حکم میں عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک چالان ہر صورت جمع کرایا جائے۔چودھری پرویز الہی کی حاضری معافی پر شکایت کنندہ کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ یہ تاخیری حربے ہیں، عدالت کو بتایا گیا کہ گزشتہ سماعت پر بھی اسی نوعیت کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں دس روز کے بیڈ ریسٹ کا مشورہ تھا اور آج بھی وہی مشورہ پیش کیا گیا۔شکایت کنندہ نے اس بات پر بھی اظہارِ افسوس کیا کہ تاحال کیس کا ٹرائل شروع نہیں ہو سکا۔عدالت نے اعتراضات کے باوجود پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔