حکومت کے زیر نگرانی مسجد کو شہید، قرآن پاک کی بے حرمتی شرمناک اقدام ہے
یہ کسی جماعت یا سیاست کا معاملہ نہیں بلکہ مساجد اور ایمان کی حفاظت کا سوال ہے
لاہور(آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے اسلام آباد میں واقع مدنی مسجد کو شہید کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مدنی مسجد کی شہادت جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا، ایسے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حکومت کے زیر نگرانی مسجد کو شہید کرنا اور قرآن پاک کی بے حرمتی نہایت شرمناک اقدام ہے۔انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت یا سیاست کا معاملہ نہیں بلکہ مساجد اور ایمان کی حفاظت کا سوال ہے۔ ان کے مطابق مسجدوں کی شہادت کے خلاف آواز بلند کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔پرویز الٰہی نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اللہ کے قہر سے ڈرے اور اس قسم کے اقدامات سے باز رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مدنی مسجد کو فی الفور اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔پی ٹی آئی صدر نے عوام سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز سب لوگ پرامن طریقے سے مسجد میں آئیں اور یہاں نماز ادا کریں۔