آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو ایک بار پیش کر دیں :عدالت

سابق سی ایم جیسے گاڑی میں ہسپتال جاتے ، ویسے ہی یہاں حاضری کیلئے آجائیں 
لاہور( کرائم رپورٹر)احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں کی اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی سے متعلق میں پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف ریفرنس پر سماعت، صحت یاب نہ ہونے کے باعث عدالت پیش نہ ہوسکے ،عدالت نے قراردیاکہ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنی ہے آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو ایک بار پیش کر دیں، جیسے وہ گاڑی میں ہسپتال جاتے ہیں ،ویسے ہی یہاں حاضری کیلئے آجائیں، عدالت نے مزید کارروائی 18دسمبرتک ملتوی کردی ،احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی، برضمانت شریک ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے ،شریک ملزمان نعیم اقبال، آصف اور اصغر کو جیل سے پیش کیا گیا ،جیل حکام نے بتایاکہ شریک ملزم پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سروسز ہسپتال میں داخل ہیں ،دوران سماعت چودھری پرویز الٰہی آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ چوددھری پرویز الٰہی کی احتساب عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی ، پرویز الٰہی کے سینئر وکیل امجد پرویز نے پیش ہو کر ایک روزہ استثنیٰ کی استدعا کی۔ عدالت نے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔