مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی حمایت پرشکرگزار ہیں:آصف زرداری

صدرنے  سعودی عرب کے  وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان ملٹری عطاء کردیا

اسلام آباد(آن لائن) صدر آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا۔ یہ خصوصی تقریب ایوانِ صدر میں ہوئی۔یہ اعزاز وائس ایڈمرل الغریبی کو اُن کی پیشہ ورانہ خدمات، پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسروں نے شرکت کی۔تقریب کے بعد سعودی نیول چیف نے صدرِ مملکت سے ملاقات کی۔ صدرِ پاکستان نے انہیں اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے اُن کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں مملکتِ سعودی عرب کے سفیر، جناب نوّاف سعید المالکی بھی موجود تھے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی طرف سے حمایت پر حکومت اور  پاکستانی عوام دل سے شکرگزار ہیں۔