ون بیلٹ ون روڈ پاک چین دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، ہمارا قومی فریضہ ہے پاک چین دوستی کو زیادہ مضبوط کر کے اگلی نسلوں تک پہنچائیں‘سی پیک پر کام تیزی سے جاری ہے
دوستی کی بنیاد حکومت سے حکومت اور عوام کے درمیان گہرے اور والہانہ تعلق پر ہے: وفاقی وزیر اطلاعات کا چین کے نئے قمری سال اور موسم بہار کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے ہم پاک چین دوستی کے امین اور محافظ ہیں، پاک چین دوستی ہمارے دلوں کے قریب اور ورثے میں ملی ہے، یہ آنے والے وقتوں کی محتاج نہیں، ون بیلٹ ون روڈ پاک چین دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، ہمارا قومی فریضہ ہے کہ پاک چین دوستی کو زیادہ مضبوط کر کے اگلی نسلوں تک پہنچائیں۔یہ بات انہوں نے پاک چائنا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام چین کے نئے قمری سال اور موسم بہار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کئی دہائیوں پر محیط پاک چین دوستی ہمیں اپنے آبائو اجداد سے ورثے میں ملی ہے جو ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، اس دوستی کی بنیاد حکومت سے حکومت اور عوام کے درمیان گہرے اور والہانہ تعلق پر ہے، دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کے ساتھ ساتھ پہاڑ اور شاہراہیں بھی شریک ہیں۔پاک چین دوستی مضبوط بندھن ہے جو ہمالیہ سے اونچی، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ عطائاللہ تارڑ نے کہا کہ وہ پی این سی اے کے ایکسچینج پروگرام کا6مرتبہ حصہ رہے ہیں، چین کے جن شہروں میں بھی وہ گئے وہاں کبھی ملک سے باہر ہونے کا احساس نہیں ہوا، وہاں ہمیشہ اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بات پر خوشی اور فخر ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی عزت اور احترام کرتے ہیں، پاک چین دوستی کا لازوال سفر جاری و ساری ہے۔عطائاللہ تارڑ نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ صدر شی جن پنگ کا شاندار اور مثالی منصوبہ ہے، اس سے معیشت کے ثمرات جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ہم دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ گوادر ایئر پورٹ کا افتتاح ہو چکا ہے اور پہلی فلائیٹ بھی لینڈ ہوچکی ہے جو بہت بڑا سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ پاک چین دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، اس سے بہت سی کہانیاں جڑی ہوئی ہیں۔قراقرم شاہراہ شمال کے پہاڑی علاقوں اور ریگستانوں سے گزرتے ہوئے گوادر پر ختم ہوتی ہے جس کے بعد سمندر کا سفر شروع ہو جاتا ہے۔