اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء للہ تارڑ نے کہا ہے انفارمیشن گروپ کے افسر ملک کی نظریاتی سرحدوں کے اولین محافظ ہیں، ان کا کردار محض معلومات کی ترسیل تک محدود نہیں بلکہ قومی بیانیے کے دفاع، فروغ اور ملک کی فکری و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے انفارمیشن گروپ کے 41ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے نوجوان افسران کو مستقبل کے قومی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاپروبیشنرز سے ملاقات باعثِ فخر ہے، ان نوجوان افسران سے قومی خدمت کی نئی امیدیں وابستہ ہیں۔ انفارمیشن سروس میں ایسے گمنام ہیروز کی طویل فہرست موجود ہے جنہوں نے کئی دہائیاں ملک کی خدمت کے لیے وقف کیں۔ اب ان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا پہلا محاذ انفارمیشن کا محاذ تھا، اور اس محاذ پر پاکستان کو نمایاں برتری حاصل ہوئی ، اس کامیابی میں انفارمیشن گروپ اور وزارت اطلاعات نے قابلِ فخر کردار ادا کیا جو اعلیٰ سطح پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات نے مختلف اداروں میں جدتیں متعارف کرائی ہیں، کیونکہ اگر وقت کے ساتھ خود کو نہ بدلا جائے تو وقت پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ انفارمیشن کا شعبہ اب ہفتے کے ساتوں دن، دن رات کام کرنے والی مسلسل ذمہ داری بن چکا ہے۔