لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا، جس میں صحافی کالونی فیز ٹو کا ماسٹر پلان باقاعدہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ایم پی اے بلال یامین ستی، ڈپٹی سیکرٹری عدنان رشید، اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔
کالونی میں اسکول، 40 فٹ سے 100 فٹ تک سڑکیں، کمرشل ایریا اور پارک بنائے جائیں گے۔
روڈا کو 400 ملین روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ زمین کی خریداری کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے اعلان کیا کہ صحافیوں کے لیے 5 مرلے کے 3200 پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔ فروری میں وزیراعلیٰ پنجاب خود صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹر دیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت خلوص نیت سے صحافیوں کو ان کی چھت فراہم کر رہی ہے اور کسی سیاسی یا ذاتی مفاد کے لیے اس منصوبے میں رکاوٹ نہیں ڈالے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ فیز ٹو کے 1400 صحافی ممبران نے اپنے ڈویلپمنٹ چارجز ایڈوانس جمع کروا دیے ہیں، جبکہ وزارت اطلاعات کے 635 ملازمین نے بھی ایڈوانس چارجز جمع کروا دیے ہیں۔
نان ممبران کی بیلٹنگ کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا اور راولپنڈی و ملتان کی جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے معاملات آئندہ اجلاس تک ہولڈ کر دیے گئے ہیں۔
لاہور کی صحافی کالونی میں ایل ڈی اے کا کمرشل پلان اپنایا جا چکا ہے اور ہر پریس کلب کو دسمبر سے جنوری تک اپنے الیکشن کروانے کی پابندی ہوگی۔