حکومتِ پنجاب نے بسنت کو رنگا رنگ اور عوام دوست بنانے کے لیے بڑا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کے لیے فری ٹرانسپورٹ سروس چلائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ آفس نے یونیورسٹیز اور کالجز سے بسیں فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 600 بسیں حاصل کی جائیں گی، جن میں 500 بسیں یونیورسٹیز سے اور 100 بسیں کالجز سے لی جائیں گی۔فری بسیں لاہور کے مختلف مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ شہری بسنت پروگرامز میں شرکت کے لیے آسان اور محفوظ آمد و رفت کر سکیں۔ ڈی پی آئی کالجز نے 100 بسوں کی فہرست ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کر دی ہے، جبکہ دیگر تعلیمی اداروں سے رابطے بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق فری ٹرانسپورٹ سروس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور بسنت کی تقریبات کو مزید خوشگوار اور یادگار بنانا ہے۔