بسنت کے موقع پر لاہور میں تین روز فری بسیں اور رکشے چلیں گے

بسنت کے موقع پر لاہور میں تین روز فری بسیں اور رکشے چلیں گے

پنجاب حکومت نے بسنت کے موقع پر شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور میں تین روز کے لیے فری بسیں اور رکشے چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ سہولت 6، 7 اور 8 فروری کو فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور آسان سفری سہولت میسر آ سکے۔بسنت کے حوالے سے پنجاب حکومت کا ایک اہم اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں تہوار کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شہری کم سے کم موٹر سائیکل استعمال کریں تاکہ ٹریفک حادثات اور دیگر ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کے دوران لاہور میں تین دن کے لیے بسیں اور رکشے بالکل مفت چلائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو متبادل ٹرانسپورٹ فراہم کرنا اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ حکومت نے 30 دسمبر سے پتنگ اور ڈور کی مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاہم اس عمل کے لیے سخت قواعد و ضوابط اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بسنت کی تقریبات کو محفوظ، منظم اور عوام کے لیے خوشگوار بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔