مری میں مغربی سسٹم کے زیرِ اثر آج اور کل بارش کے ساتھ 12 سے 20 انچ تک برفباری کی پیشگوئی کے بعد پنجاب حکومت نے ہنگامی انتظامات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے خود مری کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں برف باری، روڈ کلیئرنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ حساس شاہراہیں اور اہم پوائنٹس کی نشاندہی مکمل کی جائے، مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ موسمیات سے رابطے اور بروقت اپ ڈیٹس لینے پر بھی زور دیا۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے مری کی مختلف شاہراہوں، سالٹ کیمپس اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کا معائنہ کیا اور میکینیکل ونگ کی برف ہٹانے اور روڈ کلیئر کرنے والی مشینری کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سیاحوں اور مقامی آبادی کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے اور برفباری کے طوفان سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں سے مکمل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
ان کے مطابق مری میں نمک کے بیگز وافر مقدار میں موجود ہیں اور 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں۔ ڈی سی مری، اسسٹنٹ کمشنر، محکمہ ہائی وے اور میکینیکل ونگ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔