پشاور: خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع کو موسم سرما کے دوران ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر حساس قرار دے دیا گیا، جہاں معمول سے زیادہ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم سرما کے دوران جن 8 اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے، ان میں اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، بونیر، سوات، اپر کوہستان اور لوئر کوہستان شامل ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں موسم سرما میں خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش اور برفباری متوقع ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شدید برفباری کے نتیجے میں بالائی اضلاع کی اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم سرما میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ متحرک ہے اور اس حوالے سے جامع حفاظتی و امدادی منصوبہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے پیشگی انتظامات کیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران سڑکوں کی بندش، آمدورفت میں مشکلات اور دیگر ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے مضبوط بنائے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بروقت شروع کی جاسکیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ موسم سرما کے دوران عوام کے تحفظ اور متاثرہ افراد کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔