ای چالان کے نام پر فراڈ،100ویب سائٹس بلاک

 جعلی سائٹس ای چالان کی آڑ میں شہریوں سے غیر قانونی طور پر آن لائن ادائیگیاں وصول کر رہی تھیں
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والی جعلی اور فِشنگ ویب سائٹس کے خلاف بھرپور اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 100 سے زائد ویب سائٹس بلاک کروا دی ہیں۔ یہ کارروائیاں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے کی گئیں۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق بلاک کی گئی جعلی ویب سائٹس میں echallan-psca.top، pscaechallan.com، echallanpunjab.com، pscaechallan.vip سمیت متعدد دیگر ڈومینز شامل ہیں، جو ای چالان کی آڑ میں شہریوں سے غیر قانونی طور پر آن لائن ادائیگیاں وصول کر رہی تھیں۔ترجمان نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ یا مشکوک ویب سائٹ پر ای چالان کی ادائیگی ہرگز نہ کریں۔ ای چالان کی تصدیق اور ادائیگی کے لیے صرف پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹechallan.psca.gop.pk یا پبلک سیفٹی ایپ استعمال کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی کے نام پر بنائی گئی جعلی ویب سائٹس کے خلاف قانونی اور تادیبی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ شہریوں کو گمراہ کرنے اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک ویب سائٹس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔