ایل ڈی اے ٹیموں نے آخری بار 3سال قبل مین بلیوارڈ گلبرگ کا دورہ کیا
237 سے زائد پلازوں میں فائر ہائی ڈرینٹ سسٹم غیر فعال،حادثے کاخدشہ
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر واقع کمرشل پلازوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کی تین سال سے جانچ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے دوران ایل ڈی اے کی جانب سے کسی ایک بھی پلازے کا فائر سیفٹی معائنہ نہیں کیا گیا۔ مین بلیووارڈ گلبرگ پر آخری بار ایل ڈی اے ٹیموں نے تین سال قبل وزٹ کیا تھا، جبکہ 2022 کے بعد کسی بھی پلازے کو فائر فائٹنگ سسٹم کی چیکنگ پر نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے ملٹی سٹوری عمارتوں کی تعمیر کے دوران بھی فائر سیفٹی نظام کا عملی جائزہ نہیں لیا۔ گلبرگ، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں 237 سے زائد پلازوں میں فائر ہائی ڈرینٹ سسٹم غیر فعال پایا گیا، جو کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔پنجاب حکومت نے اس صورتحال کے پیش نظر سول ڈیفنس، ریسکیو اور ایل ڈی اے افسروں پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم کمیٹی کے قیام کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔ اطلاعات کے مطابق خصوصی کمیٹی فائر سیفٹی آلات کی جانچ کے بجائے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتی رہی۔دوسری جانب ایل ڈی اے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر پلازوں کی چیکنگ کی جائے گی، اور تمام کمرشل عمارتوں کو فائر ہائی ڈرینٹ سسٹم فعال رکھنے کا پابند بنایا جائے گا۔ ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ کے مطابق کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے اجراء کے وقت فائر سیفٹی آلات کی جانچ کی جاتی ہے، جبکہ تمام املاک کو ایمرجنسی آلات کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔