وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے فلائٹس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں اہم پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل مسائل اب حل ہوچکے ہیں، جس سے مستقبل میں تیز رفتار ترقی کی توقع ہے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے یورپ آپریشن کے بعد، ادارے کو برطانیہ اور امریکہ میں بھی آپریشنل کرنے کی خوشخبری جلد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے آئی ایم ایف نے دو اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں نئے جہازوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنا اور پی آئی اے کے تمام نقصانات کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کرنا شامل ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو اب کسی پرانی واجب الادا رقم کے بغیر فروخت کیا جائے گا، جس سے سرمایہ کاروں کے لئے یہ ادارہ مزید پر کشش ہو جائے گا۔ ان اصلاحات کے بعد پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن کے عمل میں تیزی لائی جائے گی اور جلد ہی اس حوالے سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔