طیارے ایئر فورس ون کو بجلی کے ایک چھوٹے مسئلے کے سبب واشنگٹن واپس لوٹنا پڑا
واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے کو سوئٹزرلینڈ کے لئے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی فنی خرابی کے باعث واپس لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔ وائٹ ہائوس کے مطابق صدر ٹرمپ کے طیارے ایئر فورس ون کو بجلی کے ایک چھوٹے مسئلے کے سبب واشنگٹن واپس لوٹنا پڑا۔وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر کے طیارے کی واشنگٹن ڈی سی واپسی کا فیصلہ معمولی مسئلے کے باعث ہوا، صدر ایک اور طیارے میں اپنا سفر جاری رکھ رہے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر کے ساتھ سفر کرنے والے وائٹ ہائوس کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ طیارہ کے ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فورا بعد ایئر فورس ون کے پریس کیبن کی لائٹس کچھ لمحوں کیلئے بند ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ طیارے کے عملے کی جانب سے کوئی وضاحت فراہم نہیں کی گئی اور پھر طیارہ واپس لینڈ کرگیا۔واضح رہے کہ اس وقت امریکی صدر کے لیے ایئر فورس ون کے طور پر خدمات انجام دینے والے دو طیارے تقریبا چار دہائیوں سے سروس میں ہیں۔