ہنڈوراس کا جہاز اڑان بھرنے کے بعد سمندر میں گر گیا:7 مسافر ہلاک

 طیارے میں 14مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے، 10افراد کو زندہ نکال لیا گیا،وزیرٹرانسپورٹ
ٹیگو سیگالپا(آئی این پی ) ہنڈوراس میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ساحل سے کچھ دور سمندر میں گر گیا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ پیر اور منگل کی درمیان شب اس وقت پیش آیا جب لاسیبا جانے والے طیارے نے روٹن کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور چند منٹ بعد اس کا توازن بگڑ گیا۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ہندوراس کی فضائی کمپنی لینہسا کے طیارے میں 14 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔ ان کے بقول طیارے کا ملبہ ساحل سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں ملا، جس میں سے 10افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔