علماء کے مسائل حل کئے جائیں گے(محسن نقوی)طلال چودھری کی سربراہی میں کمیٹی قائم

وفاقی وزرا ء محسن نقوی اور طلال چودھری سے مفتی منیب کی ملاقات،  مفتی منیب الرحمن سب کیلئے قابل احترام ہیں ‘ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی بات کرتے ہیں:وزیرداخلہ
 علمائے کرام کی پاکستان کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں:طلال چودھری‘مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سالمیت، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرائی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں قیام امن اور استحکام کیلئے مفتی منیب اور دیگر علمائے کرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، محسن نقوی نے وفد کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مسائل کے حل کا جائزہ لیا جائے گا اور حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی، مفتی منیب الرحمن اور دیگر علما گرام بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے، کمیٹی مسائل کے حل کیلئے قابل عمل حل کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا  مفتی منیب الرحمن سب کے لئے قابل احترام ہیں اور ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی بات کرتے ہیں، مفتی منیب الرحمن سب کو متحد رکھنے کا کردار ادا کرتے ہیں، ہم سب ایک ہیں اور پاکستان سب سے پہلے ہے۔طلال چودھری نے کہا کہ علمائے کرام کی پاکستان کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں۔اس موقع پر مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سالمیت، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی