ریاست کی ذمہ داری ہے وہ دہشت گرد وں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے
انسانی حقوق کی باتیں کرنیوالے عناصر اور تنظیمیں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں:اعلامیہ
اسلام آباد (یواین پی) پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے دہشت گردوں، خارجیوں،سہولت کاروں اور حمایتیوں کیخلاف بلا تفریق اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔ علماء کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنے والے سفاک دہشت گرد اور قاتل ہیں،انسانیت دشمن دہشت گرد خارجیوں اور سہولت کاروں کیخلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے۔جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے ان دہشت گرد خارجیوں کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان اور ملکی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنیوالے عناصر کے خلاف ایکشن لے۔اعلامئے میں کہا گیا ہے انسانی حقوق کی باتیں کرنیوالے عناصر اور تنظیمیں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں، ان افراد اور تنظیموں کو اس قتل عام کے حوالے سے قوم کو جواب دینا چاہئے۔