پنجاب میں بڑے پلازوں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز سے متعلق ابتدائی فائر سیفٹی سروے کی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی گئی ‘خطرناک عمارتوں کی نشاندھی
لاہور میں صورتحال سب سے زیادہ خطرناک قرار دی گئی ہے، جہاں 682 عمارتیں ڈی گریڈ جبکہ 13 عمارتوں کو مکمل طور پر غیر محفوظ قرار دیا گیا
لاہور (آئی این پی)صوبہ پنجاب میں 14 عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا گیا۔ صوبہ میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجینسی اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے تیار کردہ جامع سروے رپورٹ میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق ان 14 عمارتوں میں سے 13 کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔پنجاب میں بڑے پلازوں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز سے متعلق ابتدائی فائر سیفٹی سروے کی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی گئی ہے، جس میں صوبے بھر میں فائر سیفٹی کی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔ پنجاب ایمرجنسی اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 2214 عمارتوں کا ابتدائی فائر سیفٹی سروے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں 1722 عمارتوں کو ڈی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جن میں سنگین حفاظتی خدشات موجود ہیں۔ لاہور میں صورتحال سب سے زیادہ خطرناک قرار دی گئی ہے، جہاں 682 عمارتیں ڈی گریڈ جبکہ 13 عمارتوں کو مکمل طور پر غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ڈی کیٹیگری میں شامل عمارتوں میں فائر الارم، اسپرنکلر سسٹم اور ایمرجنسی ایگزٹ کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جو کسی بڑے حادثے کی صورت میں جان و مال کے شدید نقصان کا باعث بن سکتی ہے