کراچی کی مخدوش عمارتیں گرانے کیلئے فوری وسائل دستیاب نہیں:سعید غنی

 مخدوش قرار دی گئی 41عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا، مکینوں کو تین ماہ کا کرایہ دیاجائے گا، وزیربلدیات سندھ
کراچی(آئی این پی ) وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں مخدوش قرار دی گئی 41عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے، مخدوش عمارتیں گرانے کیلئے فوری وسائل دستیاب نہیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ مخدوش قراردی گئی کچھ عمارتوںکو توڑا بھی گیا ہے، جن عمارتوں کو خالی کرایاگیا ان کے مکینوں کو 3ماہ کا کرایہ دیا جائے گا۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ فوری طو پر ان عمارتوں کو گرایا جا سکے، عمارتیں خالی کرانا مشکل عمل ہے ، مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ تعمیراتی اداروں کی تنظیم آباد  اور  انجینئرنگ کونسل کے ساتھ مل کر طویل مدتی لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ہمیں عدالتی فیصلوں کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالتیں حکم امتناع دے دیتی ہیں۔