میٹروپولیٹن کارپوریشن نے باقاعدہ خستہ حال عمارتوں کے مالکان کو انخلاء کے نوٹسز جاری کر دئیے
راولپنڈی (آئی این پی )راولپنڈی میں 90سے زائد بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں کو خطرناک قرار دیدیا گیا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر میں کئی عمارتوں کو بوسیدہ اور خستہ حالت ہونے کی وجہ سے انہیں خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری خالی کرانے کا حکم دیا ہے۔اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے باقاعدہ خستہ حال عمارتوں کے مالکان کو انخلاء کے نوٹسز بھی جاری کردئیے ہیں۔نوٹس کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث بوسیدہ عمارتیں کسی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہیں، خطرناک بوسیدہ عمارتوں کی مرمت کروائی جائے یا انہیں گرایا جائے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں مکینوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔