مٹھی بھر ممالک کو طاقت سے مراعات حاصل نہیں کرنی چاہئیں:چینی نائب وزیراعظم

 دنیا کو کسی صورت جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جانا چاہئے : ڈیوس کے  اجلاس سے خطاب
 ہم بدمعاشی پر احترام کو ترجیح دیتے ہیں اور ہم قانون کی حکمرانی کو ظلم پر ترجیح دیتے ہیں:فرانسیسی صدر
ٹیکنالوجی کو مقصد کے طور پر نہیں بلکہ انسانی فلاح و بہبود کو سہارا دینے کیلئے استعمال کرنا چاہیے:سعودی وزیر
ڈیوس(آئی این پی)چین کے نائب وزیراعظم   ہی لیفنگ نے  عالمی نظام میں انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے  کہا  ہے کہ مٹھی بھر ممالک کو طاقت کی بنیاد پر مراعات حاصل نہیں کرنی چاہئیں،چین ہمیشہ کھلے پن، تعاون اور مشترکہ ترقی کے اصولوں کی حمایت کرتا رہے گا۔چین کے نائب وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ دنیا کو کسی صورت جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جانا چاہئے جہاں طاقتور ممالک اپنی قوت کے بل بوتے پر مراعات حاصل کریں اور کمزور ممالک کو نظرانداز کر دیا جائے۔   فرانس کے صدر نے خطا ب میں کہا  ہم غنڈوں کے آگے ہار نہیں مانتے۔   ہم بدمعاشی پر احترام کو ترجیح دیتے ہیں اور ہم قانون کی حکمرانی کو ظلم پر ترجیح دیتے ہیں۔سعودی وزیر  سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک نیا کوالٹی لائف انڈیکس شروع کرنے جا رہا ہے جو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبیٹیٹ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔جس کا مقصد لوگوں، شہروں اور حکومتوں کو یہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دینا ہے کہ شہری زندگی کو کیسے بہتر بنانا ہے۔