جس طرح بھارت ہارا ہے اسی طرح بلوچستان میں اس کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی، جلد بلوچستان میں امن واپس لوٹے گا‘بھارت فرسٹریشن کا شکار ہے
آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32 حملے کیے گئے، بلوچستان میں فتنتہ الہندوستان موجود ہے‘فورسز ان سے نمٹ رہی ہیں:پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32 حملے کیے گئے، جس طرح ہندوستان کو شکست ہوئی اسی طرح بلوچستان میں بھارت کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی اور بلوچستان میں امن واپس لوٹے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت فرسٹریشن کا شکار ہے، اسے جنگ میں اور بیانیے دونوں میں شکست ہوگئی، فیلڈ مارشل نے انہیں جو مار کھلائی ہے اور جو انہیں بری شکست ہوئی ہے تو ان کے پاس بات کرنے کے لیے کچھ نہیں، ان کے اپنے لوگ ان سے سوال کررہے ہیں اور وہ اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز بنایا ہوا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اس کا ثبوت ہے، اسی طرح بلوچستان میں فتن الہندوستان موجود ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا حاضر سروس آفیسر ہے جو خود کو کاروباری شخص ظاہر کرکے پاکستان میں دہشت گردی کرارہا تھا، کلبھوشن اسی خارجہ پالیسی کے تحت یہاں دہشت گردی کررہا تھا، ان کے وزرا اور مودی ہمیشہ اپنی تقاریر میں ہمیشہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں کیوں کہ ان کے ہینڈلر یہاں کارروائیاں کرتے ہیں، فتنتہ الہندوستان سے ہماری فورسز بڑے طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں پٹڑی کو اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ فوٹیج پاکستان میں موجود نہیں تھی بھارتی میڈیا پر پہلے آگئی، جعفر ایکسپریس حملے پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں، چند بلوچ دہشت گردوں کو بھارتی میڈیا خوب نمایاں کرتا ہے، بھارتی میڈیا بھرپور طریقے سے فیک نیوز کا سہارا لیتا ہے نور ولی دہشت گرد کے لیے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ نہیں چلنا چاہیے تھا وہ دہشت گرد ہے، انڈین میڈیا انہیں سیلیبریٹ کرتا ہے۔