پاراچنار وفد کی گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

پاراچنار وفد کی گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

پاراچنار کے وفد نے خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور کرم کے موجودہ حالات سے آگاہ کیا۔

 وفد نے گورنر کے پی کو 3 ماہ سے شاہراہ کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا، جس میں ادویات اور اشیائے خوراک کی کمی اور دیگر مسائل شامل ہیں۔اس موقع پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن دشمنوں کو شکست دینے کے لیے علاقائی، صوبائی، اور ملکی سطح پر یکجہتی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کا قیام انتہائی ضروری ہے، اور ملک کی سلامتی کے لیے تمام مذاہب کو ایک ساتھ کام کرنا ہوگا۔

پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ رنگ، نسل، اور زبان کے حوالے سے کسی کو برتری حاصل نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدم برداشت اور انتہا پسندی نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور اس وقت خیبر پختون خوا دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔گورنر نے یہ بھی کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، صوبے میں دہشت گردی کے بارے میں سوالات کیے جاتے ہیں، جو کہ صوبے کی موجودہ صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔