منشیات فروش میاں بیوی کو عمر قید

2021 میں رکشہ سوار بوٹا اور اہلیہ سے 46 کلو چرس بر آ مد ہو ئی تھی 
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ )ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ نے 46 کلو سے زائد چرس کی بر آمدگی کے مقدمہ میں میاں بیوی کو عمر قید کا حکم دیدیا۔ فاضل جج چودھری قاسم جاوید نے دونوں منشیات فروشوں پر 5/5 لاکھ جرمانہ بھی عائد کر دیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ کشمیری پلی سے محمد بوٹا اور اسکی بیوی سمیعہ سے مجموعی طور پر 46 کلو 8 سو گرام چرس کی بر آمدگی کا مقدمہ زیر سماعت تھا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سید ضرغام علی نے فیصلہ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ جرم ثابت ہونے پر فاضل جج نے مجرم محمد بوٹا کو 25 سال قید جبکہ اسکی بیوی مجرمہ کو بھی 25 سال قید کا حکم سنایا ،دونوں کو پانچ پانچ لاکھ جرمانہ بھی کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 30 دسمبر 2021 کو رکشہ نمبر ایل ای یو 1598 جسے ڈرائیور محمد بوٹا چلا رہا تھا کو پولیس نے پیپلز کالونی کے علاقہ کشمیری پلی پر روکا چیکنگ کے دوران ڈرائیونگ سیٹ کے ساتھ پڑے توڑے سے 20 پیکٹ چرس کے بر آمد ہوئے جو وزن کرنے پر 24 کلو ہوئی جبکہ رکشہ کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی سمیعہ کے پاس رکھے توڑے سے 19 پیکٹ بر آمد ہوئے جو وزن کرنے پر 22 کلو 8 سو گرام تھی۔ عدالت کے حکم پر مجرموں کو پولیس نے سزا بھگتنے کیلئے سنٹرل جیل بھجوا دیا۔