برطانوی میڈیا کے مطابق، 10 سالہ سارہ شریف کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے اس کے والد عرفان شریف پر لندن کی بیلمارش جیل میں یکم جنوری کو دو قیدیوں نے حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے ٹونا مچھلی کے ٹن کے ڈھکن کو تیز دھار آلے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے عرفان شریف کے گلے اور چہرے پر وار کیے۔ حملے کے بعد عرفان شریف کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برطانوی عدالت نے عرفان شریف کو اپنی 10 سالہ بیٹی سارہ شریف کے قتل کے جرم میں کم از کم 40 سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ سوتیلی والدہ بینش بتول کو 33 سال اور چچا فیصل ملک کو 16 سال قید کی سزا دی گئی تھی۔ سارہ کی لاش 10 اگست 2023 کو ان کے بستر سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر 25 فریکچر اور 71 بیرونی چوٹوں کا انکشاف ہوا تھا، جن میں کاٹنے اور استری سے جلانے کے نشانات شامل تھے۔