وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (USC) کے آپریشنز کو بند کرنے اور اس کے اثاثوں و پراپرٹی کو حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے اس معاملے پر غور کے بعد ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کریں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیر مملکت آئی ٹی، وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری صنعت و پیداوار، سیکریٹری نجکاری اور سیکریٹری بی آئی ایس پی شامل ہوں گے۔کمیٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے آپریشنز فوری طور پر بند کرنے کے طریقہ کار کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی کو کارپوریشن کی پراپرٹی اور اثاثوں کی حفاظت کے لیے انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ انتظامات اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کارپوریشن کی املاک کو نقصان نہ پہنچے اور اس کے اثاثے محفوظ رہیں۔
کمیٹی کو یہ بھی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ملازمین کو سرپلس پول میں شامل کرنے کے انتظامات کا جائزہ لے۔ ساتھ ہی، یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ان ملازمین کو دیگر حکومتی اداروں کی اسامیوں میں ضم کیا جائے گا یا نہیں۔مزید برآں، رمضان پیکیج کی فراہمی کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ کوآرڈینیشن کی حکمتِ عملی تیار کرنے کی ضرورت ہوگی، تاکہ اس پیکج کو مؤثر طریقے سے لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔کمیٹی وزارت صنعت و پیداوار کی سیکریٹریل سپورٹ کے تحت کام کرے گی اور 7 روز کے اندر اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی، جس پر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔