ترکیہ کے کثیر المنزلہ ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی:10افراد ہلاک،35زخمی

 چوتھی منزل سے چھلانگ لگا نے والے دوافراد موقع پر ہلاک ہوگئے،6زخمیوں کی حالت تشویشناک
انقرہ (آئی این پی ) ترکیہ کے سکی ریزورٹ ہوٹل میںخوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور35زخمی ہوگئے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ آگ ترکیہ کے صوبے بولو میں کے علاقے کارتالکیا کے 11منزلہ ریزروٹ ہوٹل کی چوتھی منزل میں رات گئے بھڑک اٹھی جہاں 234مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔آگ لگنے سے گھبراہٹ کا شکار ہونے والے دو افراد نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی جس کے باعث دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔فائر فائٹرز نے 4 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کاموں کے دوران 35 سے زائد بری طرح جھلسے ہوئے افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ۔زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔