کثیر المنزلہ عمارتوں پر شجرکاری ہوئی نہ سولر پینلز لگے

 ایل ڈی اے کی جانب سے کثیر المنزلہ عمارتوں کو نوٹس جاری کئے گئے 
 لاہور (کرائم رپورٹر) سموگ کا سیزن ختم ہوا تو حکومتی اقدامات بھی کم ہونے لگے۔شہر کی کثیر المنزلہ عمارتوں پر شجرکاری اور سولر پینلز لگانے کا پلان فائلوں میں دبنے لگا۔ ہائیکورٹ نے انرجی کرائسز پر قابو پانے کے لئے چھتوں پر سولر پینل لگانے کی ہدایت کی۔سولر پینل نہ لگانے والوں کو "گرین روف" بنانے کا حکم دیا گیا۔ لاہور میں بیشتر بلندوبالا عمارتوں نے ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔ گلبرگ مین بلیوارڈ پر واقع پلازوں کی انتظامیہ نے چھتوں پر شجرکاری نہیں کی۔ جوہر ٹائون، سبزہ زار، علامہ اقبال ٹائون کے پلازوں کی چھتوں کو بھی انسداد سموگ مہم کے تحت قابل استعمال نہیں بنایا گیا۔ ہائیکورٹ کے احکامات کو ایل ڈی اے نے پس پشت ڈال دیا۔پبلک نوٹس کے ذریعے روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے تمام پلازوں کو انتباہ بھی کام نہ کیا۔ ایل ڈی اے کی جانب سے شہر کی کثیر المنزلہ عمارتوں کو نوٹس جاری کئے گئے تھے۔