پنجاب حکومت اپنے حصے کے پانی سے چولستان کے منصوبے کو چلائے گی:وزیر آبی وسائل
اسلام آباد(ن لائن) ایوان بالا کو وفاقی وزیر آبی وسائل مصدق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دریائے سندھ پر کوئی کینال یا بیراج تعمیر نہیں کر رہی ہے ‘ چولستان کینال دریائے ستلج پر تعمیر ہورہا ہے اور پنجاب حکومت اپنے حصے کے پانی سے چولستان کے منصوبے کو چلائے گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان بالا میں تحریک التوا پر بحث کو سمیٹتے ہوئے کیا اس سے قبل تحریک التوا پر بات کرتے ہوئے محرک سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں سے مشاورت کئے بغیر دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس پر عوام کو شدید تحفظات ہیں انہوںنے کہاکہ اس معاملے پر سندھ نے واضح طور پر اعتراض کیا ہے کہ یہ جو چھ کنال بنا رہے ہیں اس کامقصد چولستان کو ہریالی میں تبدیل کرنے کیلئے پانی کا رخ موڑا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ 25سال سے ارسا پانی کی کمی کو رپورٹ کر رہی ہے اور پانی کی منصفانہ تقسیم میں بھی مسائل ہیں اور اس پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے اور پانی کے اعداد وشمار بھی درست طور پر نہیں دئیے جارہے ہیں