بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور نائب کپتان شبمن گل نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف سنچری بنانے کے خواہشمند ہیں۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شبمن گل نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا دباؤ نہیں لیتے اور ہر میچ کو جیتنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے پچھلے میچ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اوس نہیں تھی، مگر بیٹنگ میں مشکلات پیش آئیں، تاہم اسٹرائیک تبدیل کرنے سے میچ جیتنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔پاک بھارت میچز کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارتی اوپنر نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہوتا ہے اور دبئی کی وکٹ پر 280 سے 300 کا اسکور اچھا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کے لیے یہ ایک بڑا ایونٹ ہوتا ہے، مگر کھلاڑیوں کی ذمہ داری صرف گیم پر فوکس رکھنا ہے، اگر کوئی میچ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے تو بطور کھلاڑی وہ اس پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے شبمن گل نے کہا کہ وہ اچھی ٹیم ہے، بدقسمتی سے پہلا میچ ہار گئی، مگر اسے کمزور نہیں سمجھا جاسکتا۔