خاتون اور کمسن بچی سے زیادتی کے الگ الگ واقعات، ملزمان گرفتار

خاتون اور کمسن بچی سے زیادتی کے الگ الگ واقعات، ملزمان گرفتار

لاہور کے علاقے شفیق آباد میں خاتون اور کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کے دو الگ الگ واقعات سامنے آئے ہیں، جن پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقدمات کے نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

 دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات تھانہ شفیق آباد میں درج کر لیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس کے مطابق پہلے واقعے میں احمد نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، جس پر ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر 22 ماہ تک زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم مسلسل شادی کا وعدہ کرتا رہا، تاہم جب اس نے شادی کا تقاضا کیا تو ملزم نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم احمد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

دوسرے واقعے میں کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک معاملہ سامنے آیا، جس میں بچی کے والد ریاض الدین پر سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور واقعے کا الگ مقدمہ تھانہ شفیق آباد میں درج کر لیا ہے۔پولیس دونوں واقعات کی الگ الگ تحقیقات کر رہی ہے جبکہ متاثرین کو قانونی معاونت اور تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔