کراچی: دو مختلف ٹریفک حادثات، نانا نواسہ جاں بحق، پانچ افراد زخمی

کراچی: دو مختلف ٹریفک حادثات، نانا نواسہ جاں بحق، پانچ افراد زخمی

کراچی میں پیش آنے والے دو علیحدہ ٹریفک حادثات میں ایک نانا اور نواسہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

پہلا حادثہ: اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ پر موٹر سائیکل اور گاڑی میں تصادم
پہلا حادثہ اسٹیل ٹاؤن کے علاقے لنک روڈ سمندری بابا مزار کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل اور نامعلوم گاڑی کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں 50 سالہ سفیل جوکھیو اور ان کا 4 سالہ نواسہ سخی جوکھیو موقع پر جاں بحق ہو گئے۔حادثے کے وقت موٹر سائیکل پر پانچ افراد سوار تھے، جن میں دو مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔ زخمی ہونے والوں میں سفیل جوکھیو کی اہلیہ نور بانو جوکھیو، ایک اور خاتون اور بچہ شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

دوسرا حادثہ: بلدیہ ٹاؤن سوات کالونی میں کار اور واٹر ٹینکر میں تصادم
دوسرا حادثہ بلدیہ ٹاؤن سوات کالونی کے قریب ایک فیول پمپ کے نزدیک پیش آیا، جہاں ایک کار اور واٹر ٹینکر کے درمیان شدید ٹکر ہوئی۔ حادثے میں کار میں سوار پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں دو خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔زخمی ہونے والوں میں 25 سالہ حماد ولد انیس عمر، 20 سالہ واصل ولد اویس عمر اور 18 سالہ رافع ولد انیس عمر شامل ہیں، جو ایک ہی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ خواتین کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، جبکہ دیگر تین زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے دونوں حادثات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔