صدر ٹرمپ مہنگائی ختم کرنے کی حکمت عملی بنارہے ہیں، کیرولین لیوٹ کی صدارتی مشیروں کے ہمراہ پریس کانفرنس
واشنگٹن (آئی این پی )ترجمان وائٹ ہائوس کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک ماہ میں جو اقدامات کیے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، ڈونلڈ ٹرمپ اپنی کابینہ کے پہلے اجلاس کی بدھ کو صدارت کریں گے۔ صدر ٹرمپ کے 3مشیروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہائوس نے کہا کہ ٹرمپ نے ایک ماہ میں جو اقدامات کیے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ٹرمپ کے مشیر مائیک والز نے کہا کہ صدر ٹرمپ روس یوکرین جنگ روک سکتے ہیں، امن کیلئے بات چیت کی میزبانی پر محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔ٹرمپ کے ایک اور مشیر اسٹیون ملر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے داخلے میں 95فیصد کمی آگئی ہے۔ خطرناک جرائم میں ملوث غیرقانونی تارکین وطن کیلئے سزائے موت بحال کی۔ مشیر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ٹرمپ کے تیسرے مشیر کیون ہیزٹ کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کے اخراجات کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، صدر ٹرمپ ملک سے مہنگائی ختم کرنے کی حکمت عملی بنارہے ہیں۔