ترلائی امام بارگاہ کے واقعے سے پوری قوم سوگوار ،دل انتہائی دکھی ، اس برترین بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی: وزیراعظم

 شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:شہباز شریف
 مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی ناپاک سازش کو ناکام بنائیں گے،بہادرنوجوان عون عباس نے دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کی، نوجوان کی قربانی کو قوم سنہرے حروف میں یاد رکھے گی
   وزیراعظم نے لواحقین سے ون ٹو ون ملاقات کی، شہدا کے اعلیٰ درجات کیلئے فاتحہ خوانی، عون عباس کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے ، جب کہ شہدا کی فیملیز کو 50 لاکھ روپے دے جائیں گے
اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترلائی کے اندوہناک واقعے سے پوری قوم سوگوار ہے۔ترلائی میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ آمد پرشہدا کے لواحقین اور متاثرین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بہادرنوجوان عون عباس نے دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کی، نوجوان کی قربانی کو قوم سنہرے حروف میں یاد رکھے گی۔اْنہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں تفریق کی ناپاک سازش ناکام ہوگئی، اندوہناک واقعہ پر پوری قوم سوگوارہے، اوردل انتہائی دکھی ہے، اس برترین بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ واقعہ تفریق پیدا کرنے کی سازش تھی، مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی ناپاک سازش کو ناکام بنائیں گے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔شہباز شریف نے کہا کہ عون عباس  نے اعلیٰ درجے کی قربانی دی، وزیراعظم نے عون عباس کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا جب کہ شہدا کی فیملیز کو 50 لاکھ روپے دے جائیں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم کو آئی جی اسلام آباد نے دہشتگردی کے واقعات کے متعلق تفتیش کی پیش رفت بارے بریفنگ بھی دی جب کہ شہباز شریف نے شہدا کے لواحقین سے ون ٹو ون ملاقات بھی کی اور شہدا کے اعلیٰ درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔