پالیسیوں کے تسلسل کے نہ ہونے اور حکومتیں گرانے کے باعث ہم پیچھے رہ گئے، تقریب سے خطاب
سیالکوٹ (آن لائن) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام و نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں ، پاکستان 1998 میں ایشین ٹائیگر بن چکا تھا لیکن پالیسیوں کے تسلسل کے نہ ہونے کی اور بلاجواز حکومتیں گرائے جانے کے باعث ہم پیچھے رہ گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج وویمن یونی ورسٹی سیالکوٹ میں منعقدہ ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ سمٹ اینڈ ایکسپو 2025 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سیالکوٹ کی وومن یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا،ہمارا شروع کیا گیا سفر آج کامیابیوں کی منازل طے کرتا جا رہا ہے۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل کوئی نہیں میں ان سے کہتا ہوں کہ میرے ساتھ کسی بھی پاکستانی یونی ورسٹی، کالج یا سکول میں چلو جہاں تمہیں ہمارے بچوں اور بچیوں کے چمکتے دمکتے چہرے دکھائی دیں گے اور یہی ہمارا اور پاکستان کا مستقبل ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پاکستان اللہ کے فضل سے کل بھی تھا آج بھی ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا۔