ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز بلوچستان سے کررہے ہیں:رانا مشہود

سیف گیمز اور ارشد ندیم اکیڈمی کا بجٹ رکھا گیا ہے،11 سپورٹس اکیڈمیز  متحرک ہوجائیں گی 
    اسلام آباد (یواین پی) وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے  پاکستان نے مختلف کھیلوں میں جھنڈے گاڑے ہیں،پی ایس ایل 10 کی ٹرافی اب دنیا بھر میں جارہی ہے،پوری دنیا میں پی ایس ایل کو سراہا گیا،اب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز بلوچستان سے کررہے ہیں،کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کا بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی لاہور قلندر کے ساتھ دستخط کی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس دوران کرکٹر شاہین شاہ آفریدی اور لاہور قلندر کے عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم کا فوکس پاکستان کے نوجوان ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے سب سے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کے تحت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔