کراچی (آن لائن) کراچی کے مواچھ گوٹھ قبرستان میں مقتول مصطفی عامر کی قبر کشائی کے بعد لاش سے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ مقتول کی میت کو تابوت میں ڈال کر ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ہے، لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ مصطفی عامر کی تدفین خود کریں گے۔ جمعہ کے روزپولیس سرجن کراچی اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حکام اور مقتول کے والد کی موجودگی میں مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور لاش کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جنہیں لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق لیبارٹری سے لاش کے نمونوں کی رپورٹ 3 سے 7 روز میں موصول ہوگی، جس کی مدد سے مصطفیٰ کی وجہ موت کا تعین کیا جاسکے۔